اوٹاوا: (دنیا نیوز) برطانوی شاہی جوڑے نے بکنگھم پیلس کے الزامات کا جواب دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انکے بارے میں جھوٹی باتیں میڈیا تک پہنچائی گئیں، جوڑے کا امریکی ٹی وی پر انٹرویو کا پرومو جاری کر دیا گیا۔
برطانوی شاہی جوڑا لندن چھوڑ کر کینیڈا جا بسا لیکن جوڑے اور شاہی محل کے درمیان تناؤ تا حال جاری ہے۔ میگھن مارکل اور ہیری نے امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفری کے پروگرام میں شاہی محل کے الزامات کا جواب دیا،انٹرویو کا پروموجاری کر دیا گیا۔
ہیری نے کہا کہ شاہی زندگی سے دستبردار ہونے کے فیصلے سے قبل انھیں تاریخ خود کو دہراتی نظر آ رہی تھی۔ وہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ان کی والدہ کو تنہا کن کن حالات سے گزرنا پڑا ہو گا۔
میگھن نے کہا کہ وہ ہمارے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائیں اور ہم چپ رہیں ایسا نہیں ہو گا۔ میگھن نےالزام لگایا کہ ان کی ساس کمیلا اور جٹھانی کیٹ نے گھر کی باتیں میڈیا کو بتائیں۔
شاہی محل کے سابق اسٹاف رکن نے کہا تھا کہ میگھن نے کئی بار اسٹاف ممبرز کی تضحیک کی۔ میگھن نے دو ذاتی معاونین کو محل سے نکالا تھا۔
شاہی محل نے میگھن کے محل کے عملے کو ہراساں کرنے کی افواہوں کے بارے میں تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرویو جلد امریکی ٹی وی پر پیش کیا جائے گا۔