کابل: (دنیا نیوز) ملا عبدالغنی برادر منظرعام پر آ گئے، کہتے ہیں صدارتی محل میں تصادم کی باتیں بے بنیاد ہیں، قیادت کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ طالبان قیادت کے درمیان گہرے مراسم ہیں۔
کابل کے صدارتی محل میں طالبان گروپوں کے درمیان لڑائی اور تلخ کلامی کی خبریں مسترد، ملا عبدالغنی برادر نے اپنے زخمی ہونے کی بھی تردید کر دی۔ عبوری نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ صدارتی محل میں تصادم کی باتیں بے بنیاد ہیں، طالبان قیادت کے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں، کئی سال تک قربانیاں دیں اور مشکلات برداشت کیں، یہ سب اقتدار کے لیے نہیں بلکہ بیرونی قبضے کے خاتمے کیلئے کیا۔ ملا عبدالغنی برادر نے ایک آڈیو پیغام میں بھی مغربی میڈیا کی خبروں کو بے بنیاد اور شرمناک جھوٹ قرار دیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو قطری وزیر خارجہ کے ساتھ طالبان قیادت کی ملاقات میں ملا عبدالغنی برادر نظر نہیں آئے تھے۔