خلاصہ
- ٹیکساس: (ویب ڈیسک) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور چاروں کوارٹر فائنلز کے اختتام کے بعد سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔ اب صرف چار ٹیمیں ٹائٹل کی دوڑ میں باقی رہ گئی ہیں، جن میں فرانس، اسپین، دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور انگلینڈ شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے سے قبل تین روز کا وقفہ رکھا گیا ہے جس کے دوران سیمی فائنلسٹ ٹیمیں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں گی، اب شائقین کی نظریں اس سوال پر مرکوز ہیں کہ آیا ارجنٹینا اپنے عالمی اعزاز کا کامیاب دفاع کر پائے گا یا پھر کوئی نئی ٹیم ٹرافی اپنے نام کرے گی۔
پہلا سیمی فائنل تین بار کی عالمی چیمپئن فرانس اور 2010 کی عالمی چیمپئن اسپین کے درمیان امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں واقع ڈیلاس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، یہ میچ امریکی وقت کے مطابق منگل 14 جولائی کو دوپہر 2 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق بدھ 15 جولائی کی شب 12 بجے شروع ہوگا۔
دوسرا سیمی فائنل دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور 1966 کی عالمی چیمپئن انگلینڈ کے درمیان امریکی شہر اٹلانٹا میں کھیلا جائے گا، یہ میچ امریکی وقت کے مطابق بدھ 15 جولائی کو سہ پہر 3 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات 16 جولائی کی شب 12 بجے شروع ہوگا۔
دونوں سیمی فائنلز کی فاتح ٹیمیں امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر ایسٹ ردرفورڈ میں ہونے والے فائنل میں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی، ورلڈ کپ کا فائنل امریکی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کو سہ پہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل تیسری پوزیشن کے لیے میچ دونوں سیمی فائنلز میں شکست کھانے والی ٹیموں کے درمیان میامی میں کھیلا جائے گا، یہ مقابلہ امریکی وقت کے مطابق ہفتہ 18 جولائی کی شام 5 بجے جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق اتوار 19 جولائی کو شب 2 بجے ہوگا۔
اب دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں ان چار طاقتور ٹیموں پر مرکوز ہیں، جہاں آئندہ چند روز میں یہ فیصلہ ہو جائے گا کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی ٹرافی دفاعی چیمپئن ارجنٹینا برقرار رکھتا ہے یا فرانس، اسپین اور انگلینڈ میں سے کوئی ایک نئی تاریخ رقم کرتا ہے۔