واشنگٹن: (ویب ڈیسک) جوبائیڈن کی جانب سے پیوٹن کو جنگی مجرم کہنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے روس نے امریکی صدر کا بیان ناقابل معافی قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ روسی صدر یوکرین پر حملے کے ذمہ دار ہیں، یوکرین میں ہونے والی تباہی پر انہیں جنگی مجرم سمجھتا ہوں۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان جین ساکی نے جوبائیڈن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے ان کے دل کی آواز قرار دیا، جین ساکی کے مطابق یوکرین میں تباہی دیکھنے کے بعد یہ امریکی صدر کا ذاتی ردعمل تھا۔
روس کی جانب سے امریکی صدر کے بیان کی سخت مذمت کی گئی ہے اور بیان کو ناقابل قبول اور ناقابل معافی قرار دیا گیا ہے، روسی صدر کے ترجمان دمتری پیسکوو کاکہنا تھا کہ کسی بھی سربراہ مملکت کی جانب سے ایسا بیان کسی طور قبول نہیں۔
صدر پیوٹن کے ترجمان نے مزید کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں امریکی حملوں کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔