ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصادیات نے رمضان کے دوران تقریباً 4 ہزار اشیاء میں 25 سے 75 فیصد کے درمیان رعایت کا اعلان کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب مارات کی وزارت اقتصادیات نے ہدایت جاری کی ہیں کہ رمضان میں کھانا پکانے کے تیل، انڈے، دودھ، چاول، چینی، مرغی، پھلیاں، روٹی اور گندم کی قیمتوں میں اضافے پر پابندی ہوگی۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصادیات میں مانیٹرنگ اینڈ فالو اپ سیکٹر کے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری عبداللہ سلطان الفان الشمسی نے کہا کہ ان اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو تو پہلے وزارت سے منظوری لینا لازمی ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی ملک کی مارکیٹوں میں مصنوعات اور خاص طور پر کھانے پینے کی اشیا کی کثرت سے سپلائی ہو رہی ہے، رمضان کے دوران قیمتوں میں توازن کے لیے منصوبہ تیار کرلیا۔
خیال رہے کہ رواں برس ماہ رمضان کے دوران بعض کوآپریٹو ایسوسی ایشنز کی جانب سے متعدد مصنوعات کے لیے پروموشنز بھی متعارف کرائے گئے ہیں اور تقریباً 4 ہزار اشیاء میں 25 سے 75 فیصد کے درمیان رعایت ہوگی۔