لبنان: اسرائیل کے ڈرون حملے میں حزب اللہ کے 2 کمانڈرز جاں بحق

Published On 25 March,2024 05:44 pm

بیروت: (ویب ڈیسک) لبنان میں اسرائیل کے ایک کار پر حملے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے جن کی شناخت حزب اللہ کے کمانڈرز کے طور پر ہوئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کے ترجمان نے اپنے دو کمانڈرز کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمانڈرز کی ہلاکتوں پر سوگ منایا گیا۔

تاہم حزب اللہ نے جاں بحق ہونے والے اپنے کمانڈرز کی شناخت ظاہر نہیں کی جب کہ اسرائیل کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

لبنان کے ایک سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ مشرقی لبنان میں ایک کار کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک شامی شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا، بعد ازاں زخمی شخص بھی دوران علاج چل بسا، ممکنہ طور پر یہ دونوں ہی حزب اللہ کے کمانڈرز تھے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جس میں 1500 اسرائیلی مارے گئے تھے جب کہ 250 کو یرغمال بنالیا گیا تھا، صیونی ریاست نے الزام عائد کیا تھا اس حملے میں حماس کی حمایت حزب اللہ نے کی تھی۔ 

Advertisement