ریاض : (ویب ڈیسک ) سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کاکہنا ہے کہ غزہ کی جنگ نے تنازع فلسطین کے پرامن اور منصفانہ حل کوناگزیر بنا دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے مسئلہ فلسطین کےحوالے سے مملکت کے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، ہم موجودہ سیاسی افراتفری میں عالمی نظام کے قوانین کے نفاذ پر زور دیتے رہیں گے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوگی، خطے میں امن اور سلامتی کا خواب پورا نہیں ہوسکتا۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا خان یونس میں سکول پر حملہ، 25 فلسطینی شہید
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری اس بات پر متفق ہے کہ خطے میں استحکام کا حل صرف فلسطینی ریاست کے قیام میں مضمر ہے۔
دوسری جانب غزہ کی پٹی پراسرائیلی جنگ کو روکنے اور ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکراتی کوششیں جاری ہیں ، عرب میڈیا ذرائع نے کل دوحہ میں غزہ معاہدے کے مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔