ٹیلی ویژن نشریات بند، صرف ریڈیو چلے گا: افغان طالبان کا حکم

Published On 30 October,2024 05:53 am

کابل: (دنیا نیوز) افغان طالبان حکومت نے ٹیلی ویژن نشریات کو صرف آڈیو تک محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

افغان طالبان حکومت نے آزادیوں کو محدود کرنے اور افغانستان میں سخت قوانین نافذ کرنے کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے ٹیلی ویژن چینلوں سے کہا کہ وہ اپنی نشریات کو صرف آڈیو تک محدود کردیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق افغانستان میں نیشنل ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر جنرل قاری یوسف احمدی نے گزشتہ ہفتے ٹیلی ویژن اور ریڈیو کی شاخوں کے سربراہوں سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوند زادہ نے ان پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات بند کردیں کیونکہ وہ جانداروں کی تصویر کشی کرتے ہیں۔

قاری یوسف احمدی نے مزید کہا کہ ٹیلی ویژن چینلز کی نشریات بند کر دی جائیں گی اور انہیں ریڈیو سٹیشنوں میں تبدیل کر دیا جائے گا، ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ قندھار میں قومی ٹیلی ویژن کو ریڈیو میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ٹیلی ویژن کی نشریات نے منگل کو 9 دیگر ریاستوں میں بھی نشریات بند کر دی ہیں اور اپنی نشریات کو آڈیو نشریات میں تبدیل کر دیا ہے، اگرچہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ آیا اس فیصلے سے تمام چینلز (سرکاری اور نجی) متاثر ہوں گے یا نہیں۔

واضح رہے کہ یہ اطلاع ملی ہے کہ حکومتی وزیروں میں سے ایک نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ یہ فیصلہ صرف سرکاری چینلز تک محدود رہے گا۔