تہران: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) ایران نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ بھی کر دیا، گزشتہ رات سے اب تک تقریباً 300 بیلسٹک میزائل اسرائیل پر داغ چکا ہے، اسرائیل میں اب تک 7 ہلاک اور 90 زخمی ہوئے ہیں، متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، جس کے بعد اسرائیل نے فوج کو کارروائی کے لیے فری ہینڈ دے دیا۔
فری ہینڈ ملنے کے بعد تازہ اسرائیلی حملے میں ایران کے مزید 2 جنرلز، 3 جوہری سائنسدانوں اور 20 بچوں سمیت 65 ایرانی شہری شہید ہوگئے جب کہ اسرائیل نے مزید کارروائی کا بھی عندیہ دیا ہے۔
ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے مزید شدت اختیار کرلی ہے، ایران نے ہفتہ کی صبح اسرائیل پر پانچواں بڑا میزائل حملہ کیا، تازہ حملے میں درجنوں میزائل داغے گئے، ایران کی جانب سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں میزائلوں کی بارش کی گئی۔
ایرانی حملوں کے نتیجے میں 4 اسرائیلی ہلاک اور 63 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جب کہ صہیونی ریاست کے 3 جدید ترین ایف 35 اسٹیلتھ جنگی طیارے بھی مار گرائے اور 2 پائلٹس گرفتار کر لیے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق دھماکوں کی آوازیں تل ابیب، یروشلم اور گش دان میں سنی گئیں جس سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔ تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب کے مطابق آپریشن وعدہ صادق 3 میں اسرائیل میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اسرائیل پر 300 سے زائد میزائل داغے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی ڈیفنس فورس نے جنگ میں ایران کو پہلی، غزہ کو دوسری ترجیح قرار دیدیا
اسرائیلی ڈیفنس فورس نے ایران کو پرائمری اور غزہ کو سکینڈری وار فرنٹ قرار دے دیا، اسرائیلی فوج کے مطابق افواج کی تمام تر توجہ اب غزہ سے ہٹ کر ایران کی جانب مرکوز ہوگئی ہے، ایران کے دو فوجی مقامات کو نشانہ بنا کر بہت نقصان پہنچایا ہے
24 گھنٹے میں ایئر فورس جیٹس نے ایران میں 150 اہداف کو نشانہ بنایا، فضائیہ کی کوششوں سے تہران کیلئے ایک محفوظ راستہ پیدا ہوگیا ہے، اسرائیلی فوج کا کہن اہے کہ اب ایران کی فضائی حدود میں آزادانہ طور پر رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ایران کی اسرائیل پر 2000 میزائل داغنے کی تیاری
ایرانی فوج نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ حملوں میں تقریباً دو ہزار میزائل اسرائیل کی جانب داغے جائیں گے اور خبردار کیا کہ ہمارے میزائل حملے سابقہ حملوں کے مقابلے میں بیس گنا زیادہ شدید ہوں گے، ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی اعلان کیا ہے کہ جب تک ضرورت محسوس ہوگی، اسرائیل کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اب اسرائیل کو بھاگنے نہیں دیں گے، آغاز اسرائیل نے کیا، اختتام ہم لکھیں گے۔
ایران کے اسرائیل کے خلاف تازہ حملے کے بعد مقبوضہ گولان، گلیلی، حیفہ اور تبریسی میں سائرن بجنا شروع ہوگئے، ایرانی فوج نے شمال مغربی سلماز بارڈر پر اسرائیلی ڈرون مار گرائے، ایرانی فوج نے کئی اسرائیلی ڈرونز کو پیچھے دھکیل دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب کے علاقے شیفیلہ میں ایرانی میزائل حملے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے متعدد ڈرونز مار گرائے، ایران سے ڈرون حملے کے بعد اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بھی بجے۔
ادھر ایرانی میڈیا نے مزید دو فوجی کمانڈرز کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل کے حملوں میں ملٹری آپریشنز کے ڈپٹی چیف جنرل مہدی ربانی شہید ہوئے،اس کے علاوہ جنرل اسٹاف کے ہیڈ آف انٹیلیجنس جنرل غلام رضا محرابی بھی شہید ہوگئے۔
واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ شروع کر دیا ہے جس کے بعد تل ابیب اور یروشلم میں دھماکے ہوئے ہیں، امریکی سفارتخانے کے ارکان پناہ گاہ میں چلے گئے ہیں، تل ابیب سائرن سے گونج اٹھا ہے، شہری بنکروں میں چلے گئے ہیں۔
اس سے پہلے ایران کی جانب سے اسرائیل پر چوتھا میزائل حملہ کیا گیا، یروشلم، تل ابیب اور شیرون کے علاقوں میں دھماکے ہوئے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق گشن دان میں2 ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں، ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حملے میں 63 افراد زخمی جبکہ 7 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
چوتھے حملے میں کم از ایک میزائل اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے عین وسط میں گرا جس میں اسرائیلی جوہری تحقیق مرکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔
اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹرز کریا کمپلیکس نشانہ
ایرانی حملے میں اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹر کریا کی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی صحافی ایلون مزراہی نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ ایرانی حملے میں تل ابیب میں واقع اسرائیلی فوجی ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، کریا ہیڈکوارٹر میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو فوجی بریفنگ لیتے رہے ہیں۔
تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے جن میں عمارتوں سمیت 7 مقامات کو نشانہ بنایا گیا جس سے 9 عمارتیں مکمل تباہ ہوگئیں اور سیکڑوں اپارٹمنٹس کو بھی نقصان پہنچا اور بجلی کا نظام مفلوج ہو گیا۔
تل ابیب میں حملوں کے بعد متعدد عمارتوں کو آگ لگ لگی، دھویں کے بادل چھا گئے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئیں، اسرائیل بھر میں سائرن بج اٹھے، کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی شہری بنکرز میں چھپ گئے۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ اسرائیل کی ڈیفنس منسٹری کے ہیڈ آفس کے باہر بھی دھماکا ہوا، اسرائیل میں150اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائلی ڈیفنس فورس نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے 2 اسرائیلی طیارے مار گرانے اور خاتون پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے، جوابی حملے کے بعد ایرانی شہری سڑکوں پر نکل آئے، ملک بھر میں جشن کا سماں رہا، یمن، غزہ اور لیبیا میں بھی شہریوں نے جشن منایا۔
خبرایجنسی کے مطابق اسرائیل کے بھی ایران پر حملے نہ تھمے، ایرانی دارالحکومت تہران ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، تہران میں 4 خوفناک دھماکے رپورٹ ہوئے، اسرائیل کی جانب سے تہران کے مہر آباد ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ پہلے ایرانی حملے میں 100، دوسرے میں 50 اور تیسرے حملے میں بھی تقریباً 50 میزائل شامل تھے، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ حملے خطے میں وسیع جنگ کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔
ایران نے اسرائیل پر کامیاب حملے کیے: حماس
حماس رہنما عزت الرشق نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر کامیاب حملے کیے، اسرائیلی دفاعی نظام ناکام ہو گیا، اسرائیل کو اپنے بھڑکائے گئے شعلوں کا سامنا ہے، ایران کا پوری طاقت سے جواب جارحیت کے خلاف سخت ردعمل کی علامت ہے۔
اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر ہونے والی کانفرنس منسوخ
اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین پر ہونے والی کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔
فرانس اور سعودی عرب کی جانب سے فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے اقوام متحدہ میں کانفرنس منعقد ہونی تھی، کانفرنس اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں 17 سے 20 جون کو طے تھی۔
اسرائیل کی ایران کی جانب سے 2 لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی تردید
اسرائیلی اہلکار نے ایران کی عسکری اور جوہری تنصیبات پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ایران کی جانب سے 2 اسرائیلی لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی خبروں کو جعلی قرار دے کر مسترد کر دیا۔
اسرائیلی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ ایرانی فضاؤں میں ہمارے 2 جنگی طیارے مار گرائے جانے کی جو خبریں گردش کر رہی ہیں وہ جعلی ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی افواج نے اسرائیل کے2 طیارے مار گرائے ہیں۔
امریکی سینیٹر نے ایران پر اسرائیلی حملے کو غیر قانونی قرار دیدیا
امریکی سینیٹر برنی سینڈرز کاکہنا ہے کہ امریکا کو اسرائیل کی ایک اور جنگ میں گھسیٹا نہیں جاسکتا، ایران کے نیو کلیئر پروگرام پرمذاکرات اتوار کو طے تھے، نیتن یاہو نے حملہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو نے جنگ بندی کے سب سے بڑے مذاکرات کار کو مار دیا اور امریکا کی سفارتکاری کو نیچا دکھایا ہے۔
امریکی سینیٹر نے کہا کہ نیتن یاہو نے ہزاروں شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔
اسرائیل پر جلد ہی خیبر میزائل داغے جائیں گے، دنیا حیران رہ جائے گی: پاسداران انقلاب
ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایرانی فوج اسرائیل میں ان اہداف کو نشانہ بنا رہی ہے جہاں سے ایران پر جارحیت کی جارہی ہے۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ آپریشن وعدہ صادق سوم میں اسرائیلی کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جن میں اسرائیلی فوج کے اڈے اور ہتھیار بنانے والی اسرائیلی تنصیبات بھی شامل ہیں۔
پاسداران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی بیانات کے برعکس ایرانی میزائل اپنے اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔ یہ بے گناہوں کا خون بہائے جانے کا بدلہ لیا جارہا ہے۔
پاسداران انقلاب نے ساتھ ہی خبردار کیا گیا کہ ایران کی سکیورٹی سرخ لکیر ہے جس پر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائےگا، اسرائیل پر خیبر میزائل جلد ہی داغے جائیں گے اور دنیا حیران رہ جائے گی۔
مشرق وسطیٰ کے ممالک نے ایران کا حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی: امریکی ٹی وی
امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک نے بھی ایران کا حملہ روکنے میں اسرائیل کی مدد کی ہے۔
امریکا کے معروف صحافی ٹکر کارلسن نے دعوی کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر اسرائیل کے حملوں سے پیشگی آگاہ تھے پھر بھی انہوں نے کچھ نہیں کیا، یعنی وہ حملہ کرنے کے حق میں تھے۔
ایران کا اسرائیل پر حملے تیز، دفاع کرنے والے ممالک کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان
ایران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تہران اسرائیل پر اپنے حملے تیز کرے گا اور جو بھی ملک اسرائیل کے دفاع کی کوشش کرے گا اس کے فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ ایران کو بین الاقوامی قانون کے تحت اس جارحانہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن جواب دینے کا حق حاصل ہے، جو بھی ملک ایران کی کارروائیوں کے خلاف اسرائیل کا دفاع کرے گا اس ملک کے فوجی اڈے ایران کے اگلے اہداف ہوں گے۔
ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں: شاہ سلمان
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ سعودی عرب میں ایرانی زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، وزارت حج و عمرہ ایرانی زائرین کو سہولیات فراہم کرے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ایران میں حالات معمول ہونے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں۔
فلسطینی عوام کا جشن، سڑکوں پر نکل آئے
ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد غزہ میں فلسطینی عوام جشن منانے سڑکوں پر نکل آئے۔
ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی دفاعی نظام نے 2 اسرائیلی طیارے مار گرائے، ایران نے ایک کی خاتون پائلٹ کو گرفتار کرلیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر اپنے جوابی حملوں کو آپریشن وعدہ صادق 3 کا نام دے دیا، علاوہ ازیں غزہ میں فلسطینی عوام ایران کی جوابی کارروائی پر سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔
ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، پاکستان
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے دفاع کاحق حاصل ہے۔
اقوام متحدہ میں عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان ایران پر اسرائیل کے غیرقانونی حملے کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی حملے امن، سلامتی اور استحکام کے لئے سنگین خطرہ ہیں، اسرائیل کی جانب سے خودمختاری کی مسلسل خلاف ورزیاں معمول بنتی جارہی ہیں۔
اسرائیل کے ایران پر حملے میں مسلح افواج، پاسداران انقلاب کے سربراہ سمیت 104 شہری شہید
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران پر فضائی حملہ کر دیا تھا جس میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا، ان حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، فوجی کمانڈرز اور 6 جوہری سائنسدانوں سمیت 104 افراد شہید جبکہ 376زخمی ہو گئے۔
اسرائیل نے گزشتہ صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
ایرانی ٹی وی نے تصدیق کی کہ ایرانی آرمی چیف جنرل محمد باقری بھی حملے میں شہید ہوچکے ہیں، پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی شہید ہوگئے، پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈرغلام علی راشد شہید ہوگئے، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر تہرانچی ڈاکٹر فریدون عباسی بھی شہید ہوگئے، القدس فورس کے سینئر کمانڈراسماعیل قانی بھی شہید ہوگئے،ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ علی شمخانی بھی شہید ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا گیا، اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فضائیہ کے 200 لڑاکا طیاروں نے حملے میں حصہ لیا۔
عالمی جوہری ادارے کی ایٹمی سائٹ کو نشانہ بنانے کی تصدیق
عالمی جوہری نگراں ادارے نے تصدیق کی ہے کہ ایران میں اہم جوہری سائٹ کو نشانہ بنایا گیا، ایران کی جوہری افزودگی کے اہم مقام نطنز کو جمعہ کی صبح اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
نیوکلیئر واچ ڈاگ ایکس پر ایک پوسٹ میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا کہ وہ ایران کی گہری تشویشناک صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، اسرائیلی میزائل حملے کے نتیجے میں صوبہ اصفہان میں ایران کی سب سے بڑی جوہری سائٹ نطنز جوہری تنصیب سے تابکاری کا اخراج ہوا ہے۔
یہ واضح کیا گیا ہے کہ تابکاری جوہری تنصیب سے باہر نہیں پھیلی تاہم جوہری تنصیب کے اندر پھیلنے والی تابکاری ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے: آیت اللہ علی خامنہ ای
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا ردعمل سامنے آگیا، انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔
خامنہ ای نے ایرانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست نے ہماری سرزمین کیخلاف گھناؤنا جرم کیا ہے، رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر اپنی بدنما فطرت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، اللہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیے بغیر نہیں رکیں گے۔
ایرانی رہبرِ اعلیٰ نے تصدیق کی کہ اسرائیل کے حملے میں کئی کمانڈر اور سائنسدان شہید ہوئے ہیں، ان کمانڈرز اور سائنس دانوں کے جانشین اپنے فرائض انجام دے کر مشن جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے لیے تلخ اور تکلیف دہ قسمت کا انتخاب کیا ہے اور اس میں شک ہی نہیں کہ اسے یہ سزا ضرور ملے گی۔
واضح رہے کہ ایران کے جوابی حملے کے پیش نظر اسرائیل میں ہنگامی صورت حال نافذ ہے۔
اسرائیل کے ساتھ امریکا بھی بھاری قیمت چکائے گا: ایرانی افواج
دوسری طرف ایران کی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے امریکا کو بھی حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی، دشمن نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے، ایران بھرپورجواب دے گا، اب دشمن ایران کے جواب کا انتظار کرے۔
ایرانی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے نمائندے ابراہیم رضائی نے اسرائیل کو ایران کے جوابی حملے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب کی کارروائیوں کا بھرپورجواب دیا جائے گا۔
بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ قوم پریشان نہ ہو، دشمن نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے، ایران بھرپورجواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے یہ حملے امریکا کی مدد سے کیے، اب دشمن ایران کےجواب کا انتظار کرے۔
ایران پر حملے جاری رہیں گے: نیتن یاہو
اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے حملے جتنے دن لگ جائیں، جاری رہیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ یہ آپریشن اتنے دنوں تک جاری رہے گا جتنے دن اس خطرے کو دور کرنے کے لیے لگیں گے، اسرائیل نے اپنی بقا کی خاطر ایرانی خطرے کو ختم کرنے کے لیے ’ٹارگٹڈ ملٹری آپریشن‘ شروع کیا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل ایرانی کمانڈروں اور میزائل فیکٹریوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے اور تہران کی طرف سے جوابی میزائل اور ڈرون حملوں کی توقع میں ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا ہے، ہم اسرائیل کی تاریخ کے فیصلہ کن لمحے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا ہے، ہم نے نطنز میں ایران کی اہم افزودگی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا، ہم نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے دل کو بھی نشانہ بنایا، اسرائیل نے ایران کے سائنسدانوں کو نشانہ بنایا ہے جو ایرانی ایٹمی بم پر کام کر رہے تھے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایران کے جوہری افزودگی نظام کو نشانہ بنایا ہے، ہماری لڑائی ایرانی عوام سے نہیں بلکہ ایرانی آمریت سے ہے۔
فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے: ایران
ایران کا کہنا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے، ایرانی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ اصفحان صوبے میں بھی دھماکوں کی آواز سنی گئی جبکہ ایران نے فضائی حدود بند کر دی ہیں۔
اس کے علاوہ ایران نے تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی ہیں جبکہ ایرانی قیادت کا اعلیٰ سکیورٹی اجلاس جاری ہے۔
ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کا خدشہ ہونے کے سبب اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
اسرائیلی حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں،امریکا کی وضاحت
امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو کا کہنا ہے کہ ہم ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں، ہماری ترجیح خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہے۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے ہم سے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی اپنے دفاع کے لیے ضروری تھی۔
واضح رہے کہ ایران پر یہ حملے اتوار کو طے امریکا ایران بلواسطہ مذاکرات سے دوروز پہلے کیے گئے ہیں اور ایرانی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے جارحیت کی تو سخت جواب دیا جائے گا۔
ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ایٹم بم بنانے نہیں دیا جا سکتا، اسرائیل کا دفاع کیا جائے گا، ایران کے لیے یہی موقع ہے کہ معاہدہ کر لے ورنہ کچھ نہیں بچے گا۔