دنیا
خلاصہ
- نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے ماہرین نے لبنان میں صحافیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے اقدامات پر جوابدہی کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ کے 3 ماہرین نے حالیہ واقعے کی آزادانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے صحافتی آزادی پر اسرائیلی افواج کا ایک اور سنگین حملہ قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندگان نے بیان میں کہا کہ مسلح تنازعات کے دوران پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے والے صحافی شہری سمجھے جاتے ہیں اور انہیں کسی بھی صورت نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو صحافی براہ راست لڑائی میں شریک نہ ہوں ان کا جان بوجھ کر قتل بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اسے جنگی جرم قرار دیا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے 28 مارچ کو جنوبی لبنان میں ایک کار کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 صحافی جاں بحق ہو گئے تھے۔