دوبارہ حملہ ہوا تو مختلف انداز میں جواب دینگے، ایران فوج نے خبردار کردیا

دوبارہ حملہ ہوا تو مختلف انداز میں جواب دینگے، ایران فوج نے خبردار کردیا

ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نے تہران کے ولی عصر اسکوائر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ انتباہ جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو نہ محاصرے میں لیا جا سکتا ہے اور نہ ہی شکست دی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق اگر دشمن نے دوبارہ ’غلطی‘ کرتے ہوئے صہیونی عناصر کے اثر میں آ کر ایران پر حملہ کیا تو ایران نئے ہتھیاروں اور مختلف طریقہ کار کے ذریعے جواب دے گا۔

بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے جنگ بندی کے عرصے کو بھی جنگی حالات کا حصہ سمجھتے ہوئے اپنی دفاعی اور عسکری صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھا ہوا ہے۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ایران کو اس اہم آبی گزرگاہ پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور اب وہاں حالات پہلے جیسے نہیں رہیں گے، ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے لیے واحد راستہ ایرانی قوم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے قانونی حقوق کا احترام کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیوں کے نظم و نسق کے لیے نیا طریقہ کار بھی تیار کیا ہے، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی برقرار ہے، تاہم خطے کی صورتحال اور بحری سرگرمیوں کے حوالے سے نگرانی جاری رکھی جا رہی ہے۔