روس نے 103 کینیڈین شہریوں کے ملک میں داخلے پر مستقل پابندی عائد کر دی

روس نے 103 کینیڈین شہریوں کے ملک میں داخلے پر مستقل پابندی عائد کر دی

روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا شکار بننے والے افراد کی سرگرمیاں روس کے آئینی نظام، ملکی خودمختاری اور خارجہ پالیسی کے خلاف سمجھی جاتی ہیں۔

بیان کے مطابق ان افراد نے بالخصوص کینیڈین پارلیمنٹ میں روس مخالف مؤقف اختیار کیا اور روسی ریاستی اثاثوں کی ضبطی کی حمایت کی، روس کینیڈا کی سیاسی قیادت کی اس "غیر دوستانہ پالیسی" کو قبول نہیں کرتا جس کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات شدید متاثر ہوئے ہیں۔

روسی وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ یہ اقدام کینیڈا کی جانب سے روس مخالف پالیسیوں اور پابندیوں کے جواب میں کیا گیا ہے، ماسکو کا مؤقف ہے کہ روسی خود مختار اثاثوں کی ضبطی یا اس کی حمایت بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے اور ایسے اقدامات کے نتائج سامنے آئیں گے۔

روسی حکام کے مطابق جن 103 کینیڈین شہریوں کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں، انہیں مستقبل میں روس میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔