ازبک فورسز کی افغانستان میں کارروائی، ڈرون سے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

ازبک فورسز کی افغانستان میں کارروائی، ڈرون سے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام

افغان طالبان کے زیرِ قبضہ افغانستان صرف عالمی دہشت گردی کا گڑھ نہیں بلکہ ہائی ٹیک منشیات سمگلنگ کا بھی نیا مرکز بن گیا ہے۔

ازبک میڈیا رپورٹس کے مطابق ازبک سکیورٹی فورسز نے افغان سرحد کے قریبی علاقے سرخان دریا میں ڈرون کے ذریعے منشیات سمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی، افغان حدود سے نامعلوم افراد نے ڈرون کے ساتھ منشیات باندھ کر ازبک حدود میں بھیجنے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹیٹ سکیورٹی سروس اور بارڈر ٹروپس نے مشترکہ کارروائی کے دوران مشکوک ڈرون کو فضا میں ہی بروقت ٹریس کر لیا، سکیورٹی فورسز نے سمگلر ڈرون کو قبضے میں لے کر اس سے 2 کلو 32 گرام افیون برآمد کر کے ضبط کر لی۔

ازبک میڈیا کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کا مجرمانہ مقدمہ درج کر کے ڈرون کے لانچنگ پیڈ، مطلوبہ خریدار اور سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق ڈرون کے ذریعے منشیات سمگلنگ افغان طالبان کے انسداد منشیات کے جھوٹے دعوؤں اور سرحدی سکیورٹی کنٹرول کی مکمل ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، افغان طالبان کے انسداد منشیات کے تمام دعوے منافقت کا پلندہ ہیں، افغان رجیم نے افغانستان کو نارکو ایکانومی پر منحصر ایک ناکام ریاست میں تبدیل کر دیا ہے۔