خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیدائشی شہریت کو محدود کرنے کے لیے دو نئے صدارتی احکامات پر دستخط کر دیئے ہیں۔
امریکی سپریم کورٹ ان کی سابقہ کوشش کو غیر آئینی قرار دے چکی ہے، نئے احکامات کے تحت برتھ ٹورازم یعنی صرف بچے کو امریکی شہریت دلانے کی غرض سے امریکا آ کر بچے کی پیدائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
امریکا میں تعینات غیر ملکی سرکاری اہلکاروں اور بعض دیگر مخصوص زمروں کے بچوں کی خودکار امریکی شہریت بھی محدود کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے نائب چیف آف سٹاف سٹیفن ملر نے کہا اب کسی بھی غیر ملکی کو صرف بچے کی پیدائش کے ذریعے امریکی شہریت حاصل کرنے کے مقصد سے ویزا نہیں دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا پیدائشی شہریت کی موجودہ تشریح کا غلط استعمال ہو رہا ہے اور بعض لوگ اسے کاروبار بنا چکے ہیں۔
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی آئین کی 14 ویں ترمیم امریکا میں پیدا ہونے والے تمام بچوں کو شہریت کی ضمانت دیتی ہے، ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے نئے صدارتی احکامات کو بھی عدالتوں میں قانونی چیلنج کا سامنا کرنا پڑنے کا امکان ہے۔