خلاصہ
- تہران: (ویب ڈیسک) پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مشیر محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ جاری جنگ کے دوران ایران نے اہم فوجی تجربہ حاصل کیا ہے اور امریکی فوج اسے پہلے کے مقابلے میں کمزور دکھائی دی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے پی بی ایس کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں محمد رضا نقدی نے کہا کہ ایران اب تک جنگ میں کامیاب رہا ہے اور مستقبل میں بھی اپنی کامیابی کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے پُرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنی طویل جنگ جاری رہے گی، ایران کو اتنا ہی زیادہ فوجی تجربہ حاصل ہوگا۔ ایران نے اس سے قبل امریکا کے ساتھ ایسی براہِ راست اور حقیقی جنگ کا تجربہ نہیں کیا تھا، جس سے اسے امریکی فوج کے خلاف جنگی حکمت عملی سیکھنے کا موقع مل سکے۔
ان کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ایرانی افواج نے جنگ کے میدان میں بہت کچھ سیکھا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس عرصے میں ایران نے یہ بھی دیکھا کہ امریکی فوج اس سے زیادہ کمزور ہے جتنا تہران نے پہلے اندازہ لگا رکھا تھا۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ جنگ کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ مستقبل میں ایران کی فوجی حکمت عملی کیلئے اہم ثابت ہوگا، ان کے مطابق ایرانی فورسز نے نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو آزمایا بلکہ امریکی فوج کی جنگی حکمت عملی اور صلاحیتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔
محمد رضا نقدی کا کہنا تھا کہ ایران خود کو موجودہ جنگ میں فاتح سمجھتا ہے اور مستقبل میں بھی کامیابی حاصل کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ ایرانی عہدیدار کے یہ دعوے ان کا اپنا مؤقف ہیں، امریکی فوج یا امریکی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔