بی این پی کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام بنگلادیش کے نئے صدر منتخب

بی این پی کے سینئر رہنما مرزا فخر الاسلام بنگلادیش کے نئے صدر منتخب

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اگرچہ صدارت بڑی حد تک ایک رسمی عہدہ ہے، لیکن مرزا عالمگیر اب سربراہِ مملکت اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے فرائض انجام دیں گے جبکہ ملک کے انتظامی اختیارات بدستور وزیراعظم اور کابینہ کے پاس ہی رہیں گے۔

سال2024 میں شیخ حسینہ کی عوامی لیگ حکومت کے خاتمے کے بعد بی این پی رواں سال فروری میں دوبارہ اقتدار میں آئی تھی۔

78 سالہ مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے پارلیمانی ووٹنگ میں ریٹائرڈ آرمی کرنل، لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین اور جماعت اسلامی کی قیادت میں 11 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے امیدوار اولی احمد کو شکست دی۔

واضح رہے کہ رواں سال 12 فروری کے عام انتخابات جیتنے کے بعد بی این پی اور اس کے اتحادیوں کو پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے۔

یہ صدارتی انتخاب سابق صدر محمد شہاب الدین کے گزشتہ ماہ اپنی 5 سالہ مدت پوری ہونے سے قبل ہی خرابیِ صحت کی بنا پر مستعفی ہونے کے باعث عمل میں آیا۔ عوامی لیگ کے سابق سیاستدان اور حسینہ واجد کے قریبی ساتھی شہاب الدین 2023 میں صدر منتخب ہوئے تھے۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق بی این پی کے سینیئر رہنماؤں میں شمار ہونے والے مرزا فخر الاسلام عالمگیر نے 2016 سے اپنی صدارتی نامزدگی تک پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں، حسینہ واجد کے دورِ حکومت میں وہ اپوزیشن کی توانا آواز بن کر ابھرے، جس کی پاداش میں انہیں متعدد بار گرفتاریوں اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔