خلاصہ
- دوحہ: (دنیا نیوز) قطر کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ سٹریٹجک اتحاد اچھی بات ہے، تاہم یہ کافی نہیں۔
ماجد الانصاری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ خلیجی ممالک کو یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ سیکیورٹی کے معاملے میں خود انحصاری ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔
قطری ترجمان کے مطابق ہمیں اپنے شراکت داروں اور اتحادیوں کی ضرورت ہے، لیکن اپنی سیکیورٹی کے لیے صرف اتحادیوں اور شراکت داروں پر انحصار نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کو اپنی سلامتی کے لیے اپنی صلاحیتوں اور خود انحصاری کو بھی مضبوط بنانا ہو گا۔
خیال رہے کہ امریکا کے سابق سی آئی اے ڈائریکٹر اور ریٹائرڈ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے اعتراف کیا ہے کہ مشرقی خلیجی ریاستوں میں فعال امریکی فوجی اڈوں کو برقرار رکھنا اب پہلے کی طرح قابل عمل نہیں رہا۔
افغانستان اور عراق میں اتحادی افواج کے کمانڈر رہنے والے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں موجود فوجی اڈے اور اہم انفراسٹرکچر اب ایک دوسرے کے خلاف دباؤ اور اثر و رسوخ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔