دنیا
خلاصہ
- ماسکو: (ویب ڈیسک) کریملن نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لئے امریکا، روس اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کی بحالی کو خارج از امکان قرار نہیں دیتا، تاہم مذاکرات کی جگہ اور تاریخ کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق امریکی مذاکرات کار سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے ہفتے کے اختتام پر روسی صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر زیلنسکی سے ملاقاتیں کیں۔
امریکی قیادت میں جنگ بندی اور امن کی سفارتی کوششیں گزشتہ چند ماہ سے تعطل کا شکار ہیں جبکہ روس اور یوکرین کے مذاکرات فروری میں جنیوا میں آخری بار ہوئے تھے جہاں دونوں فریق علاقے کے تنازع پر کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے تھے۔
یوکرین کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق امریکی نمائندے جنگ کے خاتمے کے لئے زیادہ مؤثر تجاویز لے کر آئے تھے، تاہم ماسکو یا کیف کی جانب سے کسی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن مذاکرات میں مشرقی یوکرین کے ڈونباس خطے کا معاملہ بدستور سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔