سلامتی کونسل کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پر پابندیاں لگائے: چین

سلامتی کونسل کالعدم بی ایل اے اور مجید بریگیڈ پر پابندیاں لگائے: چین

اقوام متحدہ میں چین کے قائم مقام مستقل مندوب سن لی نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں حالیہ خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی میں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

سن لی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرے، عالمی دہشتگردی کا خطرہ بدستور پیچیدہ اور سنگین ہے، دہشتگرد تنظیمیں اپنی کارروائیوں کی صلاحیت بڑھا رہی ہیں اور علاقائی تنازعات سے فائدہ اٹھا کر اپنا اثر و رسوخ پھیلا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر عالمی حکمت عملی کے لیے دوٹوک مؤقف، عدم برداشت اور بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے، افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ نہ صرف اس ملک بلکہ اس کے پڑوسی ممالک کی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ داعش خراسان (آئی ایس کے) سرحد پار حملوں کے لیے اپنی صلاحیت اور سرگرمیاں بڑھا رہی ہے، سن لی نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور افغانستان میں موجود تمام دہشتگرد گروہوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے، جن میں سلامتی کونسل کی قرارداد 1267 کے تحت پابندیوں کی فہرست میں شامل افراد اور تنظیمیں بھی شامل ہیں۔

چینی مندوب نے کہا کہ افغانستان کو دوبارہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں، دہشتگردی کی بنیادی وجوہات کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کو افغانستان کی معیشت کی بحالی اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنی چاہئے۔

انہوں نے وسطی ایشیائی ممالک، علاقائی تنظیموں، خصوصاً شنگھائی تعاون تنظیم اور افغانستان کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ سرحد پار دہشتگردی کے خطرات کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جاسکے۔

سن لی نے خبردار کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں اپنے مقاصد کے لیے انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت، ڈرونز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال کر رہی ہیں۔ ان ذرائع کو لوگوں کو تشدد پر اکسانے، نئے ارکان بھرتی کرنے، مالی وسائل جمع کرنے اور حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی نگرانی، خطرات کے جائزے اور مؤثر ضابطہ کار کو مضبوط بنایا جائے، ترقی پذیر ممالک کو بھی ٹیکنالوجی، آلات، فنی معاونت، تربیت اور خفیہ معلومات کے تبادلے کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد دی جانی چاہئے۔