خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی میں تداوی ہیلتھ کیئر گروپ اور دارالبر سوسائٹی کے درمیان مالی مشکلات کا شکار مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اہم معاہدہ طے پاگیا ہے۔
معاہدے کے تحت اہلیت کے مقررہ معیار پر پورا اترنے والے مستحق مریضوں کے تداوی ہسپتال میں علاج کے اخراجات کی ادائیگی میں تعاون کیا جائے گا، جس کا مقصد کمزور اور ضرورت مند خاندانوں کو ضروری طبی خدمات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
دونوں اداروں کے درمیان یہ شراکت داری صحت کے شعبے میں فلاحی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہے، اس اقدام کے ذریعے ایسے مریضوں کی مدد کی جائے گی جنہیں علاج کی ضرورت ہے، تاہم مالی وسائل کی کمی کے باعث وہ طبی اخراجات برداشت کرنے سے قاصر ہیں، توقع ہے کہ اس تعاون سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ پر علاج کے اخراجات کا بوجھ کم ہوگا اور انہیں بروقت طبی سہولیات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
نیوز ایجنسی کے مطابق تداوی ہیلتھ کیئر گروپ فلاحی اور انسانی ہمدردی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کیلئے مختلف اداروں کے ساتھ شراکت داری کررہا ہے، دارالبر سوسائٹی کے ساتھ ہونے والا تازہ معاہدہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے تحت ضرورت مند افراد کیلئے طبی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی ذمہ داری کے تصور کو عملی شکل دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اس معاہدے سے دبئی میں صحت اور فلاحی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے، دونوں اداروں کا مقصد ایک ایسا مؤثر نظام قائم کرنا ہے جس کے ذریعے مالی مشکلات سے دوچار مستحق مریض ضروری علاج سے محروم نہ رہیں۔
اعلامیے میں مستفید ہونے والے مریضوں کی تعداد، مختص بجٹ یا تمام طبی خدمات بلاشرط مفت فراہم کرنے کی تفصیلات نہیں دی گئیں، اس لیے علاج کی سہولت مقررہ اہلیتی معیار اور متعلقہ اداروں کے طے کردہ طریقہ کار کے مطابق فراہم کی جائے گی۔