پٹرولیم ڈویژن اور کے پی آئل اینڈ گیس کمپنی کے درمیان تیل اور گیس کی تلاش کا معاہدہ

Last Updated On 12 September,2018 07:06 pm

پشاور: (دنیا نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار پٹرولیم ڈویژن اور خیبر پختونخوا کی آئل اینڈ گیس کمپنی کے درمیان 1270 مربع کلومیٹر کے رقبے پر تیل اور گیس کی تلاش کے لیے 77 لاکھ ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا۔

ملکی تاریخ کے اہم ترین معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب پٹرولیم ڈویژن میں ہوئی۔ معاہدے پر سیکرٹری پٹرولیم، ڈی جی پٹرولیم کنسیشن اور خیبر پختونخوا کی آئل اینڈ گیس کمپنی کے چیف ایگزیکٹو نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت پہلے مرحلے میں ڈی آئی جی بنوں اور ٹانک کے علاقوں پر مشتمل لکی پٹرولیم بلاک پر تیل اور گیس کی تلاش کا کام شروع کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں 3 ملین روپے سالانہ سوشل ویلفیئر سکیمز کے لیے بھی رکھے گئے ہیں۔

اس موقعہ پر وفاقی وزیر برائے پٹرولیم اور قدرتی وسائل غلام سرور خان نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان تیل و گیس کی تلاش کا معاہدہ ہوا ہے۔ امید ہے کہ یہ معاہدہ آئندہ آنے والے چند سالوں میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر میں اضافہ کا باعث بنے گا۔

Advertisement