اسلام آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال حکومت نے 10 سرکاری اداروں کی نجکاری کا منصوبہ تیار کرلیا، فہرست میں نندی پور پاور پلانٹ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن بھی شامل ہیں۔
تحریک انصاف کی حکومت پہلے سال نج کاری کے میدان میں ناکام رہی، گذشتہ مالی سال ایک ادارہ کی بھی پرائیورٹائیزیشن نہ ہوسکی مگر اب حکومت نے دو تین نہیں بلکہ ایک ساتھ 10 اداروں کی نجکاری کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق 425 میگا واٹ کا نندی پور پاور پلانٹ، 745 میگا واٹ کا گدو پاور پلانٹ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی، پاکستان ری انشورنس کارپوریشن، فرسٹ ویمن بینک، ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، پاکستان انجینئرنگ اور سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ کی نجکاری رواں مالی سال کردی جائے گی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق معیشت میں بہتری آنے سے ان کمپنیوں کے حصص کی مالیت بھی بڑھنے کا امکان ہے، اس لئے حکومت کو حالات میں بہتری کے بعد درست وقت میں نجکاری کا فیصلہ کرنا ہوگا۔