سٹاک مارکیٹ: مسلسل تیسرے روز تیزی، 35600 کی نفسیاتی حد بھی بحال

Last Updated On 06 November,2019 04:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیسرے کاروباری روز بھی زبردست تیزی دیکھی گئی، حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس میں مزید 295.02 پوائنٹس کی بڑھوتری دیکھی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے مسلسل تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، پہلے دو روز تیزی کے بعد آج ایک مرتبہ پھر 100 انڈیکس میں 295.02 پوائنٹس کی بڑی تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث مزید تین نفسیاتی حدیں بحال ہو گئیں۔

رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز 899 پوائنٹس، دوسرے روز 80 پوائنٹس کی تیزی دیکھی گئی تھی، اسی کا تسلسل آج بھی مارکیٹ میں دیکھا گیا، کاروبار کے دوران ایک موقع پر حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 35985.21 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔

مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل برقرار نہ رہ سکا، تاہم اس دوران مارکیٹ میں انویسٹرز کا اعتماد ایک مرتبہ پھر بحال ہوا اور بھرپور ٹریڈنگ میں حصہ لیا گیا جس کے باعث گراوٹ میں جانے والی مارکیٹ میں دوبارہ تیزی دیکھی گئی۔

کاروبار کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 295.02 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 35653.33 پوائنٹس کی تیزی پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 0.83 فیصد بہتری دیکھی گئی۔
 

Advertisement