نئے سال کا پہلا کاروباری ہفتہ: سٹاک مارکیٹ میں 1474 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ

Last Updated On 04 January,2020 12:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) نئے سال کے پہلے کاروباری ہفتے کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ میں 1474 پوائنٹس اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہنڈرڈ انڈیکس 42 ہزار کی سطح عبور کرنے میں کامیاب رہا۔

ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا، جمعرات کو مارکیٹ 16 ماہ کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی جبکہ کارباری ہفتے کے آخری روز سرمایہ کاروں نے شیئرز فروخت کر کے منافع کمانے کو ترجیح دی۔

اس طرح مجموعی طور پر ایک ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ 1474 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 42 ہزار 323 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

مارکیٹ کا انڈیکس 3 اعشارتیہ 6 فیصد بڑھا اور حصص کی مالیت میں 195 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس دوران بیرونی سرمایہ کاروں نے 73 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز فروخت کیے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کا پاکستان کی معیشت پر اعتماد بڑھ رہا ہے اور ملکی معاشی اعشاریوں میں بہتری آنا شروع ہوچکی ہے۔
 

Advertisement