مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات، دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی

Last Updated On 08 January,2020 10:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران مشرق وسطی کی کشیدگی کے اثرات کے باعث 100 انڈیکس ایک مرتبہ پھر مندی کی طرف لوٹ گیا، کاروبار کے اختتام پر حصص مارکیٹ 546.91 پوائنٹس گر گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی طرف سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران امریکا میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، مشرق وسطی کی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں، آج کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 546.91 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی، اس مندی کے باعث مزید 6 حدیں گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 41900، 41800، 41700، 41600، 41500، 41400 کی حدیں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں آرمی ایکٹس کی منظوری کی مثبت خبروں کے باعث زبردست تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 608.23 پوائنٹس بڑھ کر 41904.47 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا جبکہ حصص کی مالیت 61 ارب روپے بڑھ گئی تھی۔

آج کاروبار کا آغاز ہی غیر یقینی صورتحال سے شروع ہوا، پہلے دو گھنٹوں کے دوران انڈیکس 200 پوائنٹ گر گیا تھا جس کے باعث انڈیکس 41710.48پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا تاہم اگلے گھنٹے کے دوران انڈیکس میں تیزی کی واپسی ہوئی اور انڈیکس صبح گیارہ بجے 41838.8 پوائنٹس کی سطح پر دوبارہ لوٹ آیا۔

تاہم ایران کی طرف سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کی خبروں نے دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں کو اپنے اثر میں لے لیا، کشیدگی کی صورتحال کے باعث دنیا بھر میں ہلچل مچ گئی اور انویسٹرز نے سرمایہ لگانے سے ہاتھ روکتے ہوئے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل شروع کر دیا۔

ٹریڈنگ کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک موقع پر انڈیکس 41173.95 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی پہنچ گیا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام 546.91 پوائنٹس کی مندی کے بعد 41357.56 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کاروبار کے دوران 1.32 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 20 کروڑ 92 لاکھ 75 ہزار 800 شیئرز کا لین دین ہوا، انویسٹرز کی طرف سے شیئرز کے فروخت کو ترجیح دی گئی۔

دوسری طرف امریکہ اور ایران کشیدگی کے باعث ایشیائی سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی چھائی رہی، جاپانی سٹاک مارکیٹ 2 فیصد گر گئی، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 0.8 فیصد، شنگھائی سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 0.6 فیصد گرا۔

جنوبی کوریا کی سٹاک مارکیٹ 1.11 فیصد گری، تائیوان کی سٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 0.53 فیصد، سنگا پورا کا 0.06، ملائیشیا کا 1.36 فیصد، انڈونیشیا کا 0.85 فیصد، آسٹریلیا کا 0.3 فیصد انڈیکس گر گیا۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں ایران امریکا کشیدگی کے اثرات دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں، اس کشیدگی کے باعث انویسٹرز پیسے لگانے سے گریزاں اور شیئرز کی فروخت کو ترجیح دیکر سرمائے کے انخلاء میں مصروف ہیں۔ یہ کشیدگی اگر آگے جا کر مزید بڑھتی ہے تو عالمی مارکیٹ میں خوفناک صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

اُدھر عالمی منڈی میں سونا اور خام تیل بھی مہنگا ہوا۔ امریکی خام تیل 82 سینٹ اضافے کے بعد 63 ڈالر 53 سینٹ پر فروخت ہو رہا ہے۔ برطانوی خام تیل 94 سینٹ مہنگا ہونے کے بعد 69 ڈالر 25 سینٹ پر فروخت ہو رہا ہے۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 17 ڈالر سے زائد اضافے کے بعد 1591 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
 

Advertisement