پنجاب: محکمہ زراعت نے کپاس کا پیداواری ہدف 15 لاکھ بیلز کم کر دیا

Published On 09 October,2020 11:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں رواں سال کپاس کی کاشت کا مقررہ ہدف پورا نہیں ہو سکا جبکہ رہی سہی کسر مختلف بیماریوں کے حملوں نے پوری کر دی ہے جس کی وجہ سے محکمہ زراعت نے پیداواری ہدف بھی 15 لاکھ بیلز کم کر دیا ہے۔

پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 51 لاکھ ایکڑ رقبہ مقرر کیا گیا لیکن 47 لاکھ ایکڑ رقبے پر ہی کپاس کاشت کی گئی جس کی وجہ سے محکمہ زراعت کپاس کی پیدواری ہدف 85 لاکھ بیلز سے کم کر کے 70 لاکھ بیلز کر دیا ہے لیکن موجودہ صورتحال میں مختلف بیماریوں کے حملوں کی شدت سے نیا ہدف بھی پورا ہونے کا امکان نہیں اسی لئے کاشتکاروں نے حکومت سے کپاس کی امدادی قیمت مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

سیکرٹری زراعت کا کہنا ہے کہ کپاس کی فصل پر اخراجات زیادہ اور آمدن کم ہونے سے مسائل آ رہے ہیں اور کاشتکاروں کے معاشی مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

ٹڈی دل اور مختلف بیماریوں کے حملوں سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ کاشتکاروں نے امدادی قیمت کے حصول کے لیے احتجاج کی حکمت عملی بھی تیار کر لی ہے۔
 

Advertisement