دبئی ٹیسٹ کا پہلا روز ختم، پاکستان کے 255 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ

Last Updated On 07 October,2018 06:52 pm

دبئی: (دنیا نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، پہلے دن کا کھیل مکمل، پراعتماد بلے بازی کی بدولت شاہینوں نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے، محمد حفیظ 126 رنز کی شاندار اننگر کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

 پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں آج میچ کے پہلے دن پاکستانی بلے بازوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور امام الحق کے مابین 205 رنز کی شراکت قائم ہوئی، امام الحق 76 جبکہ دو سال بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ نے 15 چوکوں کی مدد سے 208 گیندوں پر 126 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی اظہر علی تھے جو بڑا سکور بنانے میں ناکام رہے اور 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر حارث سہیل 15 رنز اور محمد عباس ایک رن کیساتھ کریز پر موجود تھے جو کل دوبارہ اپنی اننگز کا آغاز کریں گے۔ پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے ہیں۔

قومی ٹیم میں بلال آصف کو ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ، مارنوس لابوسشان اور ٹریوس ہیڈ اپنا ڈیبیو میچ کھیل رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم محمد حفیظ، امام الحق، اظہر علی، اسد شفیق، حارث سہیل، بابراعظم، کپتان سرفراز احمد، یاسر شاہ، بلال آصف، وہاب ریاض اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ٹم پین کررہے ہیں جب کہ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں، عثمان خواجہ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی، مچل اسٹارک، پیٹر سڈل، جون ہولاند اور نیتھن لیون ہیں۔