جوہانسبرگ ٹیسٹ: جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 262 پر آؤٹ

Last Updated On 11 January,2019 08:39 pm

جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جوہانسبرگ ٹیسٹ کے پہلے روز قومی باؤلرز چھا گئے، پروٹیز کو عمدہ آغاز کے بعد 262 پر ڈھیر کر دیا، فہیم اشرف نے تین شکار کئے۔

جوہانسبرگ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ابتدا میں ہی اسے ایلگر کی وکٹ گنوانی پڑی جو صرف پانچ رنز بنا سکے۔ خیال رہے کہ فاف ڈوپلیسی پر پابندی کی وجہ سے ڈین ایلگر 

جنوبی افریقی ٹیم کی کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈین ایلگر کے آؤٹ ہونے کے بعد ایڈن مارکرام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ کے ساتھ مل کر 100 سے زائد رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ تاہم ایڈن مارکرام آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی بنے جنہوں نے 16 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے۔

اس کے بعد تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہاشم آملہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور 41 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں تھیونس بروئن بھی 49 رنز بنا واپس پویلین لوٹے۔ پاکستان کے تیز گیند باز محمد عامر نے بھوما اور زبیر حمزہ کو آؤٹ کر کے پاکستان کی پوزیشن قدرے مستحکم کی۔ اس کے بعد فلینڈر، کے ربادا، کوئنٹن ڈی کوک اور ڈی اولیور نے بھی شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، محمد عامر، محمد عباس اور حسن علی نے 2، 2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔