کراچی نیشنل سٹیڈیم میں آج پی ایس ایل کی چار ٹیمیں ٹکرائیں گی

Last Updated On 12 March,2019 03:52 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پی ایس ایل کی چار ٹیمیں آج ٹکرائیں گی، نیشنل سٹیڈیم میں پہلا میچ قلندر اور سلطانز، دوسرا کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہو گا۔ شائقین ایک ٹکٹ میں دو میچز دیکھیں گے۔

شہر قائد میں پی ایس ایل کا میلہ، تیسرے روز بھی نیشنل سٹیڈیم میں خوب رونق لگے گی کیونکہ آج ایک نہیں دو دو میچز ہونگے۔ دوپہر دو بجے لاہور قلندرز اور ملتان سلطان آمنے سامنے ہونگے تو شام سات بجے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا مقابلہ ہوگا، میچ کیلئے شائقین کرکٹ کی آمد شروع ہو گئی۔

شہر میں پانچ پارکنگ سپاٹس سے شہریوں کو شٹل سروس کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم تک لایا جا رہا ہے۔ آج تو ٹکٹ ہولڈرز ایک ٹکٹ میں دو دو میچز کے مزے اڑائیں گے۔

میچز کیلئے سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوان سٹیڈیم اور اطراف میں فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس کے اہلکار شہر بھر میں شہریوں کو متبادل راستوں سے متعلق آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔
 

Advertisement