قومی ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی میں ’’سرفراز‘‘ کرنیوالے کپتان 32 سال کے ہو گئے

Last Updated On 23 May,2019 12:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کو چیمپنز ٹرافی میں ’’سرفراز‘‘ کرنے والے کپتان 32سال کے ہو گئے۔

کراچی میں 22 مئی 1987ء کو پیدا ہونے والے کپتان نے کیریئر کا آغاز 2007ء میں بھارت کے خلاف کیا۔ قومی ٹیم کو 2006ء میں انڈر 19 ورلڈکپ بھی جتوا چکے ہیں۔

سرفراز احمد 2015ء کے ورلڈکپ کے بعد ٹیم کا مستقل حصہ ہیں۔ ان کی زیر قیادت پاکستان نے 2017ء میں بھارت کو انگلینڈ میں چیمپئنز ٹرافی کا فائنل ہرایا۔ پی ایس ایل میں رواں برس کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو ٹرافی بھی جتوائی۔

کپتان اب تک 49 ٹیسٹ، 106 ون ڈے اور 55 ٹی ٹونٹی کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 3 سنچریوں اور 18 نصف سنچریوں کی مدد سے 2657 رنز بنائے ہیں جبکہ ون ڈے میں 2 سنچریوں اور 10 نصف سنچریوں کیساتھ 2128 سکور بنا چکے ہیں۔ ٹی ٹونٹی کے کامیاب ترین کپتان نے محدود فارمیٹ میں 745 رنز بنائے ہیں یہاں ان کا بہترین سکور 89 ہے۔

سرفراز احمد نے ٹی ٹونٹی میں 34 میچوں میں قیادت کی۔ 29 میں فتح نصیب ہوئی جبکہ 5 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری طرف پی سی بی نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹ میں کپتانی کرنے والے سرفراز احمد کو سالگرہ مبارک ہو۔
 

 

Advertisement