ورلڈکپ: کلائیو لائیڈ نے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو فیورٹ قرار دیدیا

Last Updated On 23 May,2019 06:01 pm

لندن: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ نے میگا ایونٹ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کو فیورٹ قرار دیدیا۔

آئی سی سی کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں انہوں نے انگلینڈ میں بنی فلیٹ پچوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ پچز بیٹنگ کیلئے سازگار ہیں جہاں باؤلرز کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ انگلینڈ، افغانستان، انڈیا اور ویسٹ انڈیز کے پاس بہترین آل رائونڈرز ہیں جو فتح میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ میگا ایونٹ میں کیریبین ٹیم عمدہ کارکردگی دکھائے گی کیونکہ مارچ میں انہوں نے انگلینڈ کیساتھ پانچ میچوں کی سیریز کھیلی تھی جو برابر (ڈرا) رہی تھی۔

کلائیو لائیڈ کا کہنا تھا کہ آندرے رسل کی ٹیم میں شمولیت سے ویسٹ انڈیز کے ورلڈکپ جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ وہ دنیا کی مختلف ممالک میں کھیلی جانیوالی لیگز میں بہترین پرفارمنس دکھا رہے ہیں۔ 20 برسوں کے دوران ہم نے اچھے کھلاڑی کھوئے ہیں لیکن میں پر امید ہوں کہ ہماری واپسی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی کپ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم متوازن ہے، وہ مشکل حریف ثابت ہو گی۔ تاہم ایونٹ کے دوران دلچسپ میچ دیکھنے کو ملیں گے۔
 

Advertisement