شرجیل کی پی سی بی حکام سے ملاقات،کرکٹ میں واپسی کا روڈ میپ ترتیب دیدیا گیا

Last Updated On 19 August,2019 06:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ کے سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان اعترافی بیان کے لیے پی سی بی پہنچ گئے، جہاں انہیں حکام سے ملاقات کی جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔

 

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کے حکام اور شرجیل خان کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں شرجیل خان کی کرکٹ میں واپسی کا روڈ میپ ترتیب دیا گیا۔ ری ہیب پروگرام کے مطابق شرجیل خان کو انٹی کرپشن کوڈ پر لیکچر لینا اور دینا ہو گا۔

شرجیل خان کو سوشل سروس کے طور پر یتیم خانے کا دورہ کرنا ہو گا۔ کرکٹر کو ٹیم کے کھلاڑیوں، سپورٹنگ سٹاف کیساتھ نشست رکھنا ہو گی۔

اس موقع پر شرجیل خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی، اپنی ٹیم، شائقین کرکٹ اور اپنے اہل خانہ سے غیرمشروط معافی مانگتا ہوں۔ میرے ایک غیر ذمہ دارانہ عمل کے باعث انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، یقین دلاتا ہوں مستقبل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کروں گا۔

کرکٹر کا کہنا تھا کہ تمام کرکٹرز پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر وقتی فائدہ دے سکتی ہے، کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کے نتائج پورے کیرئیر پر اثر انداز ہوتے ہیں، شرجیل خان نے ملاقات میں اپنے کیے پر شرمندگی اور ندامت کا اظہار کیا۔

اس سے قبل شرجیل وکیل کے ہمراہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچے اور اپنا غلطی پر اعترافی بیان دیا، سپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کی اڑھائی سالہ پابندی کی سزا دس اگست کو ختم ہو گئی تھی۔ اوپننگ بیٹسمین ری ہیب پروگرام میں حصہ لینے اور فکسنگ پر لیکچر دینے کے بعد اِن ایکشن ہو سکیں گے۔

 

Advertisement