پاکستان آنا خوشگوار احساس، کرکٹ کیلئے فیورٹ ملک ہے: ڈیرن سیمی

Last Updated On 13 February,2020 03:59 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے پاکستان آنا ان کیلئے انتہائی خوشگوار احساس کا حامل ہے، خواہش ہے کہ پی ایس ایل 5 گزشتہ تمام ٹورنامنٹس سے زیادہ اچھا ثابت ہو، ہم بطور کرکٹ سٹارز اور فینز دنیا کو دکھائیں گے کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے کیلئے فیورٹ ہے۔

کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پاکستان آنا ان کے لئے بہت خوشگوار احساس کا حامل ہے، میں سب سے پہلے پاکستان آیا، پی ایس ایل کیلئے انتہائی پرجوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2017 میں پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوا جو پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے اہم قدم تھا، اب 2020 میں پاکستانی شائقین کے سامنے کھیلنا یقینا زبردست تجربہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ میری ساری زندگی اپنے اور بیرون ممالک کرکٹ کھیلتے گزری لیکن جو مزہ اپنے ہوم گراونڈ میں کھیلنے میں ہے وہ کہیں اور نہیں، شائقین بھی اپنی ہی ہوم گراونڈ پر کرکٹ سٹارز کو کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس لئے پی ایس ایل 5 اس لئے بھی منفرد ہو گا کیونکہ پاکستانی کرکٹرز بھی اپنے کراوڈ کے سامنے کھیلیں گے۔ میری بھی یہی خواہش ہے کہ پی ایس ایل 5 گزشتہ تمام ٹورنامنٹس سے زیادہ اچھا ثابت ہو، اس طرح ہم بطور کرکٹ سٹارز اور کرکٹ فینز دنیا کو یہ دکھا دیں گے کہ پاکستان کرکٹ کیلئے فیورٹ ہے۔

چوکے چھکے لگانے کے سوال پر ڈیرن سیمی نے کہا کہ وہ ایسی کارکردگی دکھائیں گے جو ٹیم کی جیت کیلئے ضروری ہو، ہم انفرادی کی بجائے ٹیم کی اجتماعی جیت کیلئے کھیلیں گے، ہم نے پی ایس ایل کے دو، تین فائنلز جیتے ہیں جبکہ گزشتہ 2 ہار گئے تاہم اس مرتبہ بھرپور پرفارمنس دکھانے کی کوشش کریں گے۔ کراچی کے کھانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھانے اپنے ذائقوں میں لاجواب ہیں۔

 

Advertisement