کورونا وائرس کے باعث بنگلا دیشی ٹیم کا دورہ سری لنکا ملتوی

Last Updated On 24 June,2020 06:00 pm

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیم نے چین سے جنم لینے والے کورونا وائرس کے باعث اپنا دورہ سری لنکا ملتوی کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں معاشی، تجارتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہیں جب کہ کئی بڑے میگا ایونٹس بھی ملتوی کردیے گئے ہیں جن میں اولمپک گیمز بھی شامل ہے۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے سری لنکا کرکٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے جبکہ نئی تاریخوں کا اعلان باہمی مشاورت سے بعد میں کیا جائے گا۔

بنگلادیشی کرکٹ ٹیم کو جولائی اور اگست میں اپنے دورہ سری لنکا میں 3 ٹیسٹ میچ کھیلنے تھے جبکہ حال ہی میں نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی اپنا بنگلادیش کا دورہ ملتوی کیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سابق بنگلا دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ، سپنر نظم اسلام سمیت تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم بھی کورونا وائرس کے باعث اپنا دورہ سری لنکا ملتوی کرچکی ہے ۔

رواں سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انعقاد بھی خطرے میں ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ اس کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ ماہ ہوگا۔
 

Advertisement