چنیوٹ: بینک ہیکرز شہری کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے لے اڑے

Last Updated On 07 November,2018 10:06 pm

چنیوٹ: (دنیا نیوز) بینک اکاؤنٹس ہیکرز کی کاروائیوں کا سلسلہ چنیوٹ تک آ پہنچا، بینک اکاؤنٹس ہیکرز نے شہری کے اکاؤنٹ سے لاکھوں روپے غائب کر دیئے، متاثرہ شہری نے اپنی بچیوں کی شادی کیلئے رقم جمع کی تھی جس سے محروم کر دیا گیا۔

بینکوں کا ڈیٹا ہیک کرنے والے گروہ کی چنیوٹ میں بھی بڑی کارروائی سامنے آئی ہے۔ اکاؤنٹس ہیکرز نے چنیوٹ کے شہری کو بچیوں کی شادی کیلئے جمع کی گئی لاکھوں روپے کی رقم سے محروم کر دیا۔ محمد عبداللہ جو کہ نجی بینک کا اکاؤنٹ ہولڈر ہے، کہتا ہے کہ اسے کراچی کے ایچ بی ایل آفیشل نمبر سے کال آئی جس پر کال کرنے والے نے خود کو بینک کا افسر ظاہر کرتے ہوئے اسے اسی کے اکاؤنٹ نمبر، اکاؤنٹ میں پڑی رقم، شناختی کارڈ نمبر سمیت اہم معلومات فراہم کرنے کے بعد اے ٹی ایم کارڈ کا کوڈ نمبر نہ بتانے کی صورت میں اکاؤنٹ بند کرنے کی دھمکی دی جس پر شہری محمد عبداللہ نے اپنا ای ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ پی ٹی سی ایل آفیشل نمبر سے کال کرنے والے شخص کو بتا دیا۔

چند گھنٹے بعد عبداللہ کے اکاؤنٹ میں موجود رقم جو کہ 5 لاکھ 70 ہزار کے قریب بتائی گئی ہے، اکاؤنٹس ڈیٹا ہیکرز گروہ نے مبینہ طور پر غائب کر دی۔

بینک صارف عبداللہ کا کہنا ہے کہ چنیوٹ کے مقامی بینک برانچ عملہ کوئی تعاون نہیں کر رہا اور نہ کوئی بات سننے کو تیار ہے۔
 

Advertisement