کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں عید پر لٹیرے سرگرم نظرآئے۔ بہادرآباد کے علاقے میں ایک ہی دن دو بڑی وارداتیں کرڈالیں۔ بینک کی اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش ناکام رہی لیکن تاجر کے گھر سے ایک کروڑ روپے کی نقدی اور زیورات سمیت متعدد چیزیں چرا کر لے گئے۔
دنیا نیوز کے مطابق کراچی میں عید پر ڈاکوؤں نے بھی سیزن لگالیا جہاں موقع ملا ہاتھ مار لیا، بہادر آباد میں بینک کے اے ٹی ایم صاف کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ملی۔ سیف تو توڑ دیا مگر الارم بجنے پر خالی ہاتھ بھاگنے پر مجبور ہوئے۔
اُدھر پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے لٹیروں کو کھوجنا شروع کردیا۔ بہادر آباد میں ہی تاجر کا پیچھا کر کے آنے والے ملزمان نے گھر کا صفایا کردیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلحہ تھامے اور ڈھاٹے باندھے چار ملزمان ایک کے ایک کرکے گھر سے نکلے۔
دنیا نیوز کے مطابق ملزمان کے ہاتھوں میں ٹی وی سکرینز بھی دیکھی جاسکتی ہیں۔ ڈاکوؤں نے سامان کالے رنگ کی گاڑی میں منتقل کیا اور نو دو گیارہ ہو گئے۔
متاثرہ تاجر کا کہنا ہے کہ ڈاکو ایک کروڑ روپے سے زائد کی نقدی، موبائل فونز اور زیورات بھی لے گئے ہیں۔ پولیس نے واردات کی تفتیش شروع کردی ہے۔