لاڑکانہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق

Last Updated On 09 June,2019 11:33 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) لاڑکانہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے، مقتولوں کے ورثا نے مخالفین کے 10 سے زائد گھروں کو آگ لگا دی۔

عید کے تیسرے روز لاڑکانہ شہر کے عاقل روڈ کے علاقے میں سانگی برادری کے مابین پلاٹ کے معاملے پر جاری پرانے تنازعے کے باعث دن دھاڑے 3 نامعلوم مسلح افراد نے موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تینوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کے بعد مقتولین کے ورثا موقع پر پہنچے اور لاشوں کو تحویل میں لینے کے بعد مخالفین کے اسی علاقے میں واقع خالی گھروں کو آگ لگا دی، جس سے علاقے کی صورت حال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا میڈیکل ہسپتال منتقل کر دیا۔

واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ پولیس کے مطابق علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے جلد ملوث افراد کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
 

Advertisement