کراچی: ڈاکوؤں نے روزہ داروں کو لوٹ لیا، مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ملزم گرفتار

Published On 19 March,2024 06:10 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں بے حس ڈاکوؤں نے روزہ افطار کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹ لیا، مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واقع ایل پی جی گیس کی دکان میں شہری روزہ افطار کرنے بیٹھے ہی تھے کہ اس دوران 3 مسلح ڈاکو دکان کے اندر داخل ہو گئے، ڈاکوؤں نے روزے داروں کو بھی نہ بخشا اور لوٹ مار شروع کر دی۔

مسلح ڈاکو شہریوں سے 5 موبائل فون اور 30 ہزار روپے نقدی لے کر فرار ہو گئے، ڈکیتی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے 3 ڈاکو روزہ افطاری کے وقت شہریوں سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا، ملزم سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد ہوئے، گرفتار ملزم سنگین نوعیت کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھا، پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی۔
 

Advertisement