رشی کپور نے کینسر کیخلاف جنگ میں فتح حاصل کر لی

Last Updated On 30 April,2019 04:52 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے مشہور اداکار رشی کپور نے کینسر کیخلاف جنگ میں فتح کر حاصل کر لی۔ فلم ساز راہول راویل نے کہا ہے کہ رشی کپور نے کینسر سے چھٹکارا حاصل کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول راویل نے رشی کپور کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار اب کینسر فری ہوگئے۔ فلم ساز نے پوسٹ میں مزید کچھ نہیں بتایا تاہم تصویر میں انہیں رشی کپور کے ساتھ انتہائی خوش دیکھا جا سکتا ہے۔ فلم ساز کی پوسٹ پر کئی افراد نے کمنٹ کیے اور رشی کپور کی صحت سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

یاد رہے کہ اکتوبر 2018 میں اچانک خبر سامنے آئی تھی کہ رشی کپور خطرناک بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ابتدائی طور پر بیماری کی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں جس کے بعد رشی کپور علاج کیلیے اہلیہ نیتو سنگھ کیساتھ امریکا منتقل ہوگئے تھے اور ان کے خاندان کی جانب سے بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔

رشی کپور کے بھائی رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ رشی کپور کے امریکا میں ٹیسٹ ہونے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے اور انہیں توقع ہے کہ جلد صحت یاب ہوکر وطن لوٹیں گے۔

بعد ازاں رشی کپور کی اہلیہ نیتو سنگھ نے بھی انسٹاگرام پر شوہر، بیٹے رنبیر کپور، اداکارہ عالیہ بھٹ، بیٹی اور داماد کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کینسر کا ذکر کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا تھا کہ ان کے شوہر کو کینسر ہے۔
 

Advertisement