قندیل بلوچ قتل کیس: گواہان پولیس کو دیئے گئے بیانات سے منحرف

Last Updated On 30 August,2019 10:57 am

ملتان: (دنیا نیوز) ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں پرائیویٹ گواہان پولیس کو دیئے گئے بیانات سے منحرف ہو گئے جس کے بعد عدالت نے سماعت 30 اگست تک ملتوی کر دی۔

دنیا نیوز کے مطابق قندیل بلوچ قتل کیس میں پرائیویٹ گواہان نے جو بیانات پولیس کو دیئے تھے وہ سب ان سے منحرف ہو گئے ہیں جس کے بعد کیس میں ایک نیا موڑ آ گیا، عدالت نے کیس کی سماعت 30 اگست بروز جمعۃ المبارک تک ملتوی کر دی ہے۔

قندیل بلوچ قتل کیس کی سماعت ماڈل کورٹ میں ہوئی جہاں پر ملزمان وسیم، حق نواز، مفتی عبدالقوی عدالت میں پیش ہوئے، تاہم مقدمے کے مدعی اور مقتولہ کے والد عظیم کے قریبی رشتے دار عاشق حسین، خیر محمد، اختر حسین اور صابر اپنے اپنے بیانات سے منحرف ہو گئے۔

اس سے پہلے گواہان نے پولیس کو 161 کے تحت بیانات دیئے تھے لیکن اب گواہان ان بیانات سے منحرف ہو گئے، عدالت نے کیس میں مزید گواہان کی شہادت کے لیئے سماعت کو کل تک ملتوی کر دیا ہے۔