کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں: شوبز ستاروں کا اظہار یکجہتی

Last Updated On 01 September,2019 01:06 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد جہاں ملک بھر میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر آور منایا گیا وہاں پر شوبز ستاروں نے بھی کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

اداکارہ ماہرہ خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم عمران خان اورمظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہیں۔ اس وقت ہم ایک ساتھ امن کی دعا کرتے ہیں اور پُر امید ہیں۔

اداکار فیصل قریشی اور اعجاز اسلم بھی کشمیریوں کے لیے نکلے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

اداکار عدنان صدیقی اوربلال اشرف نے بھی تصاویر شیئر کیں اوربتایا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

گلوکارہ شبنم مجید نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے گیت ریکارڈ کرا دیا ہے ۔

شبنم مجید نے گیت ’کشمیر سے پیغام آیا ہے بھائیوں کو سلام آیا ہے‘ کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ اس گیت کو بنانے کا مقصد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ ہر پاکستانی کی طرح میں بھی کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی اور اپنی آواز کے ذریعے اس کی ترجمانی کرنا چاہتی ہوں۔