بھارتی پنجاب: جعلی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا کے 108 اکاؤنٹ بلاک

Published On 10 September,2020 06:28 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست پنجاب میں انتظامیہ کی طرف سے کارروائی کرتے ہوئے جعلی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا کے 108 اکاؤنٹ کو بلاک کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی پنجاب پولیس نے آگاہ کیا ہے کہ جعلی خبریں پھیلانے والے 108 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے، زیادہ تر اکاؤنٹ کا تعلق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر سے تھا، ٹویٹر کے 49 اکاؤنٹس بلاک کیے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فیس بک کے 38 اور یوٹیوب کے 21 اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا ہے، جو کورونا وائرس سے متعلق ملک بھر میں جعلی خبریں پھیلا رہے تھے۔

بھارتی پنجاب پولیس کے ڈی جی پی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 108 اکاؤنٹس بلاک کرنے کے بعد فیس بک کے مزید151 ، ٹویٹر کے 100، انسٹا گرام کے 4 جبکہ یوٹیوب کے 37 اکاؤنٹس کو رپورٹ کیا گیا ہے جس کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ جعلی خبروں سے متعلق ریاست پنجاب کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں 121 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بلاک کیے گئے اکاؤنٹ اور رپورٹس ہونے والے اکاؤنٹس کورونا وباء کے دوران سماج دشمن اور ملک مخالف سرگرمیوں میں مصروف تھے، یہ معاملہ سائبر لاء ڈویژن کے زمرے میں آتا ہے، اس کا تعلق وزارت الیکٹرک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ہے۔
 

Advertisement