مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کی خبریں جعلی قرار

Published On 11 January,2021 05:14 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پی سی بی نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کی خبروں میں کئی صداقت نہیں ہے۔ مصباح الحق کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہوں گے جس کے بعد کرکٹ کمیٹی اپنی سفرشات بورڈ کو دے گی۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پی سی بی نےنیوزی لینڈ کیخلاف خراب پرفارمنس پر ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ کیخلاف خراب پرفارمنس، مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

خبروں میں کہا جا رہا تھا کہ مصباح الحق کی جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز ممکنہ طو ر پر آخری ہوگی، اگلا غیر ملکی کوچ لانے کا فیصلہ کرلیا، غیرملکی کوچز میں گرانٹ فلاور اور گیری کرسٹن ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران پاکستان کو ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز دونوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گرین کیپس کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 176 رنز کی بدترین شکست ہوئی جبکہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ یوں کیویز نے کلین سویپ کرتے ہوئے سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔
 

Advertisement