لاہور میں شروع ہونیوالا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

Last Updated On 21 March,2018 03:26 pm

تفصیلات کے مطابق باغوں کے شہر لاہور میں صبح سویرے سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بادل کھل کر برسے اور جل تھل ایک ہوگیا۔ ہر چیز دھل کر نکھر گئی۔ ٹھندی ہوا کے پرکیف جھونکوں نے موسم کو مزید دلفریب بنا دیا ہے۔ بعض مقامات پر تیز اور کہیں ہلکی بارش سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، لوگوں کو دفاتر اور بچوں کو سکول پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 اور کم سے کم 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

قصور، خانیوال سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل کھل کر برسے جس سے موسم مزید دلکش ہوگیا۔ خیبرپختونخوا میں بھی بعض مقامات پر رم جھم ہوئی۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے بارش کا سلسلہ آج رات تک جاری رہے گا۔