’اگر نواز شریف نے کرپشن کی ہے تو سامنے لاؤ، ورنہ استعفیٰ دو اور گھر جاؤ‘

Last Updated On 12 May,2018 01:04 pm

ملتان: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ تمام ادارے استعمال میں لا کر نواز شریف کی تین نسلوں کا حساب کر کے اگر دس روپے کی کرپشن نہیں ملی تو نواز شریف صادق بھی ہے اور امین بھی۔

 ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اگر سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے ایک پائی کی بھی کرپشن کی ہے تو سامنے لاؤ، ورنہ استعفیٰ دو، معافی مانگو اور گھر جاؤ لیکن نواز شریف کو جو اللہ تعالیٰ نے دیا اس کی تحقیقات مت کرو۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اندرونِ ملک اور بیرونِ تمام ادارے استعمال میں لا کر، تین نسلوں کا حساب کر کے اگر دس روپے کی کرپشن نہیں ملی تو نواز شریف صادق بھی ہے اور امین بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی میں افواج پاکستان اور پولیس نے بہت قربانیاں دی ہیں، انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی کی جنگ کے پیچھے اگر فوج کھڑی ہے تو اس کے آگے عوام کھڑی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ خلائی مخلوق کے سکرپٹ میں دھرنے اور لاک ڈاؤن تھے لیکن یہ نہیں تھا کہ نواز شریف ڈٹ جائیں گے۔ نواز شریف خلائی مخلوق اور ان کے مہروں پر بھاری ہیں۔ کارکن چٹان کی طرح نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مخالفین کے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے۔ نواز شریف نے صبر کیا تو تمام چالیں خلائی مخلوق پر الٹ گئیں۔
 

Advertisement