وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ اجلاس، ضمنی بجٹ کی منظوری

Last Updated On 14 May,2018 03:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کے اجلاس میں رواں مالی سال 2017-18 کے ضمنی بجٹ اور نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں رواں مالی سال 2017-18 کے ضمنی بجٹ، نظرثانی شدہ تخمینہ جات اور نظرثانی شدہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 31 ویں اجلاس کے منٹس اور کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ و ترقیات کے 55 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت رواں مالی سال برائے 2017-18 کا ضمنی بجٹ پیش کر رہی ہے، اللہ تعالیٰ نے جسے بھی نئی حکومت بنانے کا موقع دیا، وہ نیا بجٹ پیش کرے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمیشہ وسائل کو امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ فلاح عامہ پر صرف کیا ہے، پنجاب حکومت نے جوڈیشل ای سٹیمپ پیپر کا پروگرام متعارف کرا کر ایک انقلابی اقدام اٹھایا ہے، شعبہ صحت اور تعلیم کے بجٹ میں بے مثال اضافہ کرکے ان دونوں شعبوں میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے جسے تندہی سے جاری رکھا جائے گا۔