اسلام آباد (دنیا نیوز ) چیف جسٹس پاکستان نے احتساب عدالت کو نواز شریف اور مریم نواز کو تینوں ریفرنسز کا ایک ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا ملزمان بھی پریشان اور قوم بھی ذہنی اذیت کا شکار ہے، اب ان کیسز کا فیصلہ ہونا چاہے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف ٹرائل مکمل کرنے کیلئے احتساب عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم کی عیادت کے لیے جانا چاہتے ہیں تو جاسکتے ہیں، بتائیں نواز شریف عیادت کے بعد کب واپس آئیں گے، آپ تشہیر کے لیے کہتے ہیں کہ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے اجازت نہیں دی گئی۔
چیف جسٹس ثاقب نثار نے وکیل سے کہا آپ زبانی درخواست کریں ہم اجازت دیں گے، احتساب عدالت ہفتہ کے روز بھی تینوں ریفرنس کی سماعت کرے گی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیس کے باعث ملزمان بھی پریشان ہیں اور قوم بھی ذہنی اذیت کا شکار ہے، اب ان کیسز کا فیصلہ ہونا چاہے۔ چیف جسٹس نے احتساب عدالت کو نواز شریف اور مریم نواز کو تینوں ریفرنس کا ایک ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم دیا۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی 6 ہفتوں میں ٹرائل مکمل کرنے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔