25 جولائی کے بعد شہبازشریف کے جیل جانے کی باری ہے، عمران‌ خان

Last Updated On 15 July,2018 09:37 am

صوابی: (دنیا نیوز) عمران خان کا صوابی میں خطاب، نوازشریف نے 3 سو ارب کا جواب دینا ہے، باہر پیسہ رکھنے والوں کو پاکستان کی فکر نہیں، عوام ان کو لیڈر نہ مانیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم جاری، تحریک انصاف نے صوابی میں میدان لگا لیا۔ کارکنان سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ مستونگ دہشتگردی میں شہید ہونے والے سراج رئیسانی محب وطن پاکستانی تھے۔ مجھے آج کا جلسہ کینسل کرنے اور بنی گالہ میں بیٹھنے کا کہا گیا، مجھے بتایا گیا کہ میری جان کو سب سے زیادہ خطرہ ہے لیکن میرا ایمان ہے کہ دنیا سے جانے کا ایک وقت مقرر ہے۔ دھماکوں کا مقصد الیکشن کو ملتوی کرانا اور نقصان پہنچانا ہے، ہم جلسوں کو نہیں روکیں گے، ہمارے جلسے 23 جولائی تک جاری رہیں گے۔

سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کبھی اس لیڈر کو نہ مانیں جس کی جائیداد بیرون ملک ہو، جس لیڈر کا پیسہ بیرون ملک ہو وہ پاکستان کی فکر نہیں کرے گا۔ نوازشریف کے بیٹے امیر اور قوم غریب ہوگئی ہے، ان کا بزنس کرپشن تھا۔ آصف زرداری کیخلاف 35 ارب منی لانڈرنگ کا الزام ہے اور ان کی بہن نے 35 ارب کا جواب دینا ہے۔ زرداری بیمبینوسینما میں ٹکٹ بلیک کرتا تھا کدھرسے پیسہ آیا؟ جو پیسہ عوام پر خرچ ہونا چاہیے وہ بیرون ملک چلا جاتا ہے۔ جس لیڈر کا جینا مرنا پاکستان نہ ہو وہ پاکستان کا درد نہیں رکھتے، میں نے سب کچھ بیرون ملک کمایا اور ایک روپیہ باہر نہیں رکھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 22 سال سے کرپشن کیخلاف شور مچا رہا ہوں، کل کرپشن کے گاڈ فادر ہوائی جہاز سے اترے تھے۔ کس نے کہا تھا میاں صاحب کو واپس پاکستان آئے۔ نوازشریف سے بہت بڑی گیم ہوئی ہے، شہبازشریف نے نوازشریف سے کہا لاکھوں لوگ ایئرپورٹ آئیں گے۔ نوازشریف بھولا ہے لندن سے پاکستان واپس آگیا، 20 کروڑ پاکستان سے 4 سے 8 ہزار لوگ سڑکوں پر نکلے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کو دیکھ رہا تھا ڈرپوک گاڑی میں چھپا ہوا تھا۔ گاڑی سے نظر آرہا تھا کہ شہباز شریف باری آنے پر خوش تھا لیکن شہباز شریف 56 کمپنیوں کے کیسز میں جلد ہی نوازشریف کے پاس اڈیالہ جاؤ گے۔ 25 جولائی کے بعد شہبازشریف کی جیل جانے کی باری ہے۔