حکومت عدالتی فیصلے کیساتھ کھڑی رہے گی، سمجھوتہ نہیں ہوگا: وزیراعظم

Last Updated On 10 November,2018 08:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلے کے ساتھ کھڑی رہے گی، اس پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، لاہورمیں ریلوے اسٹیشن شیلٹر ہوم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے معاشی مشکلات سے نکلنے کی خوشخبری بھی سنائی۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس کے دوران 100د ن کے اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہورپہنچنے کے بعد ائیر پورٹ سے ریلوے اسٹیشن پر پہنچے۔ یہاں ایک شیلٹر ہوم کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا پنجاب میں بادشاہت کا تصور بن چکا تھا، جنوبی پنجاب میں بھی بنیادی سہولتوں کی کمی ہے، عثمان بزدار کا تعلق اس علاقے سے ہے جہاں بجلی نہیں، جنوبی پنجاب میں ترقی کیلئے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا۔ انہوں نے کہا احساس اور رحم کے بغیر معاشرہ نہیں بن سکتا، ہم وسائل نہیں احساس کی کمی کا شکار ہیں، انسان اشرف المخلوقات ہے لیکن جب یہ گرتا ہے تو حیوان سے نیچے آ جاتا ہے، علامہ اقبال اور قائداعظم دنیا کے عظیم مفکرین میں سے تھے۔

وزیر اعظم نے کہا ملک بڑی حد تک معاشی مشکلات سے نکل گیا ہے، غریبوں کو تعلیم، صحت اور سرچھپانے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ لاہور میں چار مزید شیلٹر ہومز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

بعدازاں ریلوے اسٹیشن سے وزیراعظم عمران خان آٹھ کلب پہنچے جہاں اُنہوں نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے ون آن ون ملاقات کی اور پنجاب کابینہ کے وزرا سے اُن کے محکموں کے حوالے سے بریفنگ لی۔ اِس دوران اُنہوں نے وزراء پر زور دیا کہ وہ عوامی خواہشات پر پورا اُترنے کے لیے بھرپور محنت کریں۔اس موقع پر پیش کی جانے والی مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دورہ لاہور کے دوران وزیر اعظم نے جماعتی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور اُنہیں جماعت کو مزید متحرک کرنے کی ہدایت کی۔


 

Advertisement