ایل او سی فائرنگ سے خاتون کی شہادت، پاکستان کا شدید احتجاج

Last Updated On 04 November,2018 01:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت جاری، فائرنگ سے خاتون کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان کا احتجاج، جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ۔

بھمبر سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس سے پکہ کوٹھہ گاؤں کی رہائشی 22 سالہ منزہ بی بی شہید ہو گئیں، دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور ایل او سی پر 2 نومبر کو سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے، 2018 سے اب تک بھارت کی جانب سے 2312 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی، بھارتی اشتعال انگیزی سے 2018 میں 35 شہری شہید، 135 زخمی ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003 جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

 

 

Advertisement